لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری سے سری لنکا کے اعزازی قونصل جنرل یاسین جوئیہ نے ملاقات کی، جس میں پنجاب اور سری لنکا کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں اشتراکِ عمل بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔صوبائی وزیر اطلاعات کے دفتر میں ہونے والی اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔ پنجاب اور سری لنکا کے درمیان زراعت، سیاحت اور ثقافت سمیت مختلف سماجی و معاشی شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ دونوں خطے ایک دوسرے کے کامیاب ماڈلز سے فائدہ اٹھا کر عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو بہتر بنا سکتے ہیں۔ملاقات کا ایک اہم پہلو معاشرتی برائیوں، خصوصاً منشیات کے خاتمے پر مرکوز تھا۔ دونوں رہنماؤں نے منشیات کی لعنت سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں اور حکمتِ عملی پر بات چیت کی۔منشیات کے عادی افراد کے مؤثر علاج معالجے اور ان کی معاشرے میں دوبارہ بحالی (Rehabilitation) کے پروگراموں کے حوالے سے تجربات شیئر کرنے پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت سری لنکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ہم سماجی شعبوں میں سری لنکا کے ساتھ تعاون کو خوش آئند قرار دیتے ہیں، خاص طور پر منشیات کے خاتمے اور صحت کے شعبے میں باہمی اشتراک سے مثبت نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری سے سری لنکا کے اعزازی قونصل جنرل یاسین جوئیہ کی ملاقات,مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
03:03 PM, 5 Apr, 2026