لاہور : نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے لاہور میں حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے مزار پر حاضری دی اور مزار کی توسیع کے جاری منصوبوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری اوقاف پنجاب احسان بھٹہ نے انہیں توسیعی کاموں کی رفتار اور زائرین کے لیے فراہم کی جانے والی نئی سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ کے دوران نائب وزیراعظم کو منصوبے کے درج ذیل حصوں سے آگاہ کیا گیا۔زائرین کو موسمی سختیوں سے بچانے کے لیے مسجدِ نبویؐ کی طرز پر جدید ہائیڈرولک کنوپیز نصب کی جا رہی ہیں۔ مزار کے سامنے ایک وسیع اور خوبصورت فرنٹ پلازہ تعمیر کیا جا رہا ہے جو دربار کی خوبصورتی میں اضافے کے ساتھ ساتھ رش کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
توسیعی مقاصد کے لیے 4 کنال جگہ کی ڈسمینٹلنگ اور صفائی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے تاکہ زائرین کے لیے بیٹھنے اور عبادت کی جگہ کو وسعت دی جا سکے۔
اسحاق ڈار نے تعمیراتی کام کی رفتار کو سراہتے ہوئے کہا منصوبے پر دن رات کام ہونا خوش آئند ہے، اس سے عقیدت مندوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ داتا علی ہجویریؒ کا مزار روحانیت اور امن کا مرکز ہے، اس کی توسیع زائرین کی سہولت کے لیے ناگزیر تھی۔
نائب وزیراعظم نے مزارِ اقدس پر چادر پوشی کی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے ملک کی معاشی ترقی، استحکام اور امن و امان کے لیے خصوصی طور پر دعا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت مذہبی مقامات کے تقدس اور وہاں آنے والے شہریوں کی سہولیات کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھتی ہے۔
داتا دربار توسیعی منصوبہ: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا دورہ، ہائیڈرولک کنوپیز اور فرنٹ پلازہ کی تعمیر پر بریفنگ
02:22 PM, 5 Apr, 2026