پنجاب اسمبلی میں یومِ استحصال کشمیر پر مذمتی قرارداد منظور

06:54 PM, 5 Aug, 2025

لاہور: پنجاب اسمبلی نے 5 اگست 2019 کے بھارتی غیرقانونی اقدامات کے خلاف اور کشمیری عوام سے یکجہتی کے اظہار کے لیے یومِ استحصال کشمیر پر قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔

یہ قرارداد صوبائی وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے پیش کی، جس میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کے اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ بھارت اپنے 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیرقانونی فیصلوں کو فوری طور پر واپس لے اور مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے۔

ایوان نے بھارتی افواج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر جاری ظلم و ستم کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان، کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

قرارداد میں عالمی برادری سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

مزیدخبریں