وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا وژن: کسان کارڈ سے زرعی ترقی، نوجوانوں کے لیے نئے مواقع

07:45 PM, 5 Jan, 2026

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت صوبے میں زراعت اور عوامی فلاح کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت سامنے آ رہی ہے۔ کسان کارڈ پروگرام کے ذریعے پنجاب میں زرعی شعبے کو نئی سمت مل گئی ہے، جس کے تحت کاشتکاروں کو اب تک 100 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں، جبکہ 65 ارب روپے عملی طور پر استعمال ہو چکے ہیں۔

کسان کارڈ کی بدولت رواں سال گندم کی ریکارڈ کاشت کی گئی ہے اور بہترین پیداوار کی توقع کی جا رہی ہے۔ دسمبر کے مہینے میں یوریا کھاد کی فروخت 13 لاکھ 56 ہزار میٹرک ٹن تک پہنچ گئی، جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں کھاد کی خریداری میں 37 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے وفد نے ملاقات کی، جس میں وزیراعلیٰ نے طلبہ کو ٹاپ دینے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے تعلیمی، صحت اور فلاحی منصوبے پورے پاکستان کے لیے ہیں اور ان سے تمام صوبوں کے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ ہم سب سے پہلے پاکستانی ہیں اور صوبائی تفریق نہیں ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ گڈ گورننس ہی اصل سیاست ہے اور پنجاب میں میرٹ، شفافیت اور عوامی خدمت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسان ہوں یا طلبہ، مزدور ہوں یا مریض، حکومت پنجاب ہر طبقے کی فلاح کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

مزیدخبریں