لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی عوام دوست پالیسیوں کا تسلسل جاری ہے، جس کے تحت اپنی چھت، اپنا گھر منصوبہ ملکی تاریخ کا ایک کامیاب ترین ہاؤسنگ پروگرام ثابت ہو رہا ہے۔ اس منصوبے کے ذریعے اب تک 1 لاکھ 25 ہزار خاندان بلاسود قرضوں سے مستفید ہو چکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق منصوبے کے تحت 60 ہزار گھر مکمل کیے جا چکے ہیں جبکہ 65 ہزار مکانات زیر تعمیر ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ دو ماہ کے دوران مکمل گھروں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ اپنی چھت، اپنا گھر منصوبہ کم آمدن والے طبقات کے لیے امید کی کرن ہے اور حکومت پنجاب عوام کو باعزت رہائش کی سہولت فراہم کرنے کے عزم پر قائم ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی تمام پالیسیاں عوامی فلاح پر مبنی ہیں اور شہریوں کو بہتر رہائشی سہولیات، روزگار اور بنیادی ضروریات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔