لاہور: پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے بیواؤں اور یتیم بچوں کی مستقل کفالت اور مالی خود مختاری کے لیے ایک انقلابی منصوبے ’وزیراعلیٰ پنجاب رحمت کارڈ‘ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد خیرات کے بجائے مستحق خاندانوں کو ان کا جائز اور باوقار حق ان کی دہلیز پر پہنچانا ہے۔
حکومتِ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، اس پروگرام کے پہلے مرحلے میں 50 ہزار سے زائد بے آسرا خاندانوں کو شامل کیا گیا ہے۔ امداد کی تقسیم کا طریقہ کار درج ذیل رکھا گیا ہے۔
بیوہ خواتین: فی کس 1 لاکھ روپے کی یکمشت مالی امداد، یتیم بچے: فی بچہ 25 ہزار روپے کی نقد فراہمی۔
وزیر اعلیٰ نے اس منصوبے کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کرپشن کا خاتمہ ہو اور رقم براہِ راست حقدار تک پہنچے۔ مستحق افراد درج ذیل ذرائع سے اپنی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں ۔ مخصوص موبائل ایپلیکیشن اور ویب پورٹل، حکومتی کال سینٹر کی ہیلپ لائن، ضلعی سطح پر قائم آفس آف زکوٰۃ،
صوبائی معاون خصوصی برائے عشر و زکوٰۃ راشد نصر اللہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے پر عملدرآمد کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور عید الفطر کے فوراً بعد امدادی رقوم کی تقسیم کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا۔یہ منصوبہ پنجاب حکومت کے اس عزم کا عکاس ہے کہ ریاست ہر کمزور شہری کی ڈھال بنے گی اور سماجی تحفظ کے نیٹ ورک کو مزید وسیع کیا جائے گا۔