گورنر پنجاب کی ایرانی قونصلیٹ آمد: سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار

03:35 PM, 5 Mar, 2026

لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے لاہور میں واقع ایرانی قونصلیٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور دیگر ایرانی قیادت کی شہادت پر ایرانی قونصل جنرل سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
گورنر پنجاب کے ہمراہ پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی علی حیدر گیلانی بھی موجود تھے۔ وفد نے ایرانی سفارتکاروں سے ملاقات کی اور اس عظیم سانحے پر حکومتِ پاکستان اور عوام کی جانب سے غمگساری کا پیغام پہنچایا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر نے کہا  ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت عالمِ اسلام اور خاص طور پر خطے کے لیے ایک بہت بڑا المیہ ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اس کٹھن گھڑی میں پوری پاکستانی قوم اپنے ایرانی بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک اور سوگوار ہے۔
 گورنر پنجاب نے ایرانی قیادت کی خدمات اور ان کے عزم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اسے ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا۔گورنر پنجاب نے ایرانی قونصلیٹ میں رکھی گئی تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے، جس میں انہوں نے پاک ایران برادرانہ تعلقات کی مضبوطی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔

مزیدخبریں