لاہور: ڈی آئی جی آپریشنز کے خصوصی احکامات کی روشنی میں لاہور سٹی ڈویژن پولیس نے پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 24 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ہے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے ہزاروں روپے مالیت کی پتنگیں اور ممنوعہ کیمیکل ڈور کی چرخیاں برآمد کی گئی ہیں۔
ایس پی سٹی بلال احمد کے مطابق سٹی ڈویژن کے مختلف تھانوں نے بھرپور کارروائی کی ۔ شاہدرہ اور شاہدرہ ٹاؤن، سب سے زیادہ کارروائی یہاں ہوئی جہاں بالترتیب 5 اور 4 پتنگ بازوں کو گرفتار کیا گیا۔ اکبری گیٹ اور لوہاری گیٹ، ان علاقوں سے 2، 2 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ شفیق آباد سے 3 جبکہ راوی روڈ پولیس نے 2 ملزمان کو پابندِ سلاسل کیا۔ مصری شاہ، شاد باغ اور اسلام پورہ سے مجموعی طور پر 5 ملزمان کو پتنگ بازی میں ملوث پائے جانے پر گرفتار کیا گیا۔
ایس پی سٹی بلال احمد نے بتایا کہ پتنگ بازی کے مکمل خاتمے کے لیے ڈویژن بھر میں پولیس کی متحرک ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔پولیس ٹیمیں بلند و بالا عمارتوں کی چھتوں سے مانیٹرنگ کر رہی ہیں تاکہ قانون شکنی کرنے والوں کو فوری پکڑا جا سکے۔
لاہور پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خونی کھیل سے اجتناب کریں اور اپنے بچوں کو اس جان لیوا سرگرمی سے دور رکھیں، بصورتِ دیگر سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
خونی کھیل کے خلاف ایکشن؛ سٹی ڈویژن پولیس نے 24 پتنگ بازوں کو پابندِ سلاسل کر دیا
08:21 PM, 6 Apr, 2026