لاہور/راولپنڈی : صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے راولپنڈی میں صحت کے اہم منصوبوں کی بروقت تکمیل میں رکاوٹ بننے والے کنٹریکٹرز کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ جو ٹھیکیدار حکومتی ڈیڈ لائنز پر عمل درآمد نہیں کر رہے، انہیں وارننگ کے بعد فوری طور پر بلیک لسٹ کیا جائے۔
محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن لاہور میں منعقدہ اس اہم اجلاس کی صدارت خواجہ سلمان رفیق نے کمشنر راولپنڈی کے دفتر سے ویڈیو لنک کے ذریعے کی۔ اجلاس میں چلڈرن ہسپتال راولپنڈی اور سینٹر آف ایکسی لینس کے منصوبوں پر جاری پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
صوبائی وزیر نے منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کے لیے درج ذیل احکامات جاری کیے ۔ ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ، وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی آئندہ ہفتے تمام مجوزہ سائٹس کا تفصیلی دورہ کریں۔ دورے کے بعد منصوبوں کی موجودہ صورتحال پر جامع فیزیبلٹی رپورٹ پیش کی جائے۔
خواجہ سلمان رفیق نے دورانِ اجلاس بتایا کہ حکومت پنجاب شعبہ صحت کی بہتری کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور ان دونوں اہم منصوبوں کے لیے درکار فنڈز جاری کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ فنڈز کی دستیابی کے باوجود کام میں سستی برداشت نہیں کی جائے گی کیونکہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل سے ہزاروں مریضوں کو جدید طبی سہولیات میسر آئیں گی۔
ٹھیکیداروں کی من مانی نہیں چلے گی؛ خواجہ سلمان رفیق کا چلڈرن ہسپتال راولپنڈی کے کنٹریکٹرز کو بلیک لسٹ کرنے کا انتباہ
08:25 PM, 6 Apr, 2026