لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صاف پانی اتھارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں اور تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ٹینکرز کے ذریعے صاف پانی گھر گھر پہنچانے کی تجاویز اور سفارشات پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ڈرنکنگ واٹر بوتل پر چارجز عائد کرنے کی ابتدائی تجویز مسترد کر دی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں 864 واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تعمیر کا کام شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید 1913 واٹر فلٹریشن پلانٹس کے منصوبوں کا آغاز جلد کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے اضلاع میں جاری بوتل ڈرنکنگ واٹر کے پائلٹ پراجیکٹ پر روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ شہریوں کو صاف اور معیاری پانی کی فراہمی کے لیے تمام اقدامات تیز کیے جائیں۔