جی بی الیکشن؛ شکست سامنے دیکھ کر اپوزیشن کا قبل از وقت دھاندلی کا واویلا، عظمیٰ بخاری کا شدید ردِعمل

01:06 PM, 6 Jun, 2026

لاہور: وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے گلگت بلتستان کے انتخابی معرکے کے تناظر میں اپوزیشن جماعتوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے خلاف کیچڑ اچھالنے والوں کے پاس اپنی کوئی کارکردگی نہیں ہے، یہی وجہ ہے کہ اب وہ بوکھلاہٹ میں قبل از وقت دھاندلی کا رونا رو رہے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام گواہ ہیں کہ وہاں مسلم لیگ (ن) کے علاوہ کسی دوسری جماعت نے ترقی کی ایک اینٹ تک نہیں لگائی۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ ہمیشہ کارکردگی اور مخلصانہ خدمت کی بنیاد پر عوام کے پاس جاتی ہے اور عوام بھی اسی کارکردگی کی بنیاد پر 'شیر' کو ووٹ دیتے ہیں، جبکہ مخالفین کے پاس ن لیگ پر الزامات لگانے کے علاوہ کوئی ایجنڈا نہیں۔

تحریک انصاف پر براہِ راست وار کرتے ہوئے صوبائی وزیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی کا ووٹ بینک اب بالکل صفر ہو چکا ہے۔ ان کے لوگ اب یہ جھوٹا شور مچا رہے ہیں کہ انہیں انتخابی مہم نہیں چلانے دی جا رہی۔ عظمیٰ بخاری نے دوٹوک انداز میں کہا کہ جن کے پاس الیکشن لڑانے کے لیے امیدوار تک پورے نہیں ہیں، وہ اپنی یقینی شکست کا ملبہ انتخابی عمل پر ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، لیکن فضاؤں میں گونجتی 'شیر، شیر' کی آوازیں بتا رہی ہیں کہ جیت صرف ترقی کے سفر کی ہوگی۔

مزیدخبریں