لاہور: کسانوں کی تقدیر بدل گئی، مریم نواز کا مزید 10 اضلاع میں 'ماڈل ایگریکلچر مالز' قائم کرنے کا حکم

03:59 PM, 6 Jun, 2026

لاہور:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے کسان دوست ویژن کے تحت صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کاشتکاروں کو تمام تر زرعی سہولیات ان کے گاؤں کے قریب ایک ہی چھت تلے فراہم کرنے کے لیے انقلابی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پنجاب اب کاشتکاروں کے لیے "ون سٹاپ ایگریکلچر ان پٹ مارکیٹ" کے جدید دور میں داخل ہو چکا ہے۔

ترجمان کے مطابق، اس وژن کے تحت صوبے کے چار اضلاع میں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر 'ماڈل ایگریکلچر مالز' کامیابی سے قائم کر دیے گئے ہیں۔ ان مالز کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے مزید 10 اضلاع میں فوری طور پر ماڈل ایگریکلچر مالز قائم کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
 کسانوں کو اب بیج، معیاری کھاد، زرعی ادویات اور جدید مشینری کے لیے دور دراز شہروں کے چکر نہیں کاٹنے پڑیں گے۔ گاؤں کے قریب سہولیات ملنے سے کاشتکاروں کے سفری اخراجات اور وقت کی بڑی بچت ہوگی۔
 اس اقدام سے بلیک مارکیٹنگ اور جعلی زرعی ادویات فروخت کرنے والے مافیا کا راستہ روکا جا سکے گا۔    وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کاکہنا ہے کہ"کاشتکار کی سہولت کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے۔ کسان کی تقدیر بدل چکی ہے اور زراعت کے اچھے دن آ چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور چھوٹے کسان کو معاشی طور پر مستحکم کرنا ہے، جس کے لیے فنڈز اور وسائل کی کوئی کمی نہیں ہونے دی جائے گی۔

مزیدخبریں