پنجاب اسمبلی سے جلد تھیلیسیمیا کی روک تھام کا قانون منظور کروائیں گے، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر

06:00 PM, 6 May, 2026

لاہور  گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ صوبے میں تھیلیسیمیا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جلد ہی پنجاب اسمبلی سے ایک جامع قانون منظور کروایا جائے گا، جبکہ کم عمری کی شادیوں کی روک تھام کے قانون پر بھی سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تھیلیسیمیا کے عالمی دن کے موقع پر سندس فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام منعقدہ خصوصی تقریب اور واک میں شرکت کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب نے تقریب میں موجود تھیلیسیمیا کا شکار معصوم بچوں کے ساتھ وقت گزارا اور ان سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔
گورنر پنجاب نے واضح کیا کہ موروثی بیماریوں پر قابو پانے کے لیے قانون سازی ناگزیر ہو چکی ہے، جس کے لیے حکومت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ ملکی دفاعی صورتحال پر بات کرتے ہوئے گورنر سلیم حیدر نے کہا کہ "معرکۂ حق" نے قوم کو نئی پہچان دی ہے۔ انہوں نے اس کامیابی پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پوری قوم کو مبارکباد پیش کی۔
 انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بے پناہ قربانیاں دے کر نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور جلد ہی اس ناسور کا جڑ سے خاتمہ کر دیا جائے گا۔آگاہی واک اور تقریب میں پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کی وائس چیئرپرسن جہاں آرا وٹو، صدر سندس فاؤنڈیشن یاسین خان، نامور شخصیت خالد عباس ڈار اور تھیلیسیمیا کے مرض سے لڑنے والے بچوں اور ان کے خاندانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مزیدخبریں