وزیراعلیٰ پنجاب کا تاریخی فیصلہ: 17 اضلاع میں 'فری ٹرانسپورٹ' سروس کا آغاز، افسر شاہی کو کڑی وارننگ

11:17 AM, 7 Apr, 2026

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے عوام کو مہنگائی کے دور میں بڑا ریلیف دیتے ہوئے پبلک ٹرانسپورٹ سے محروم 17 اضلاع میں مفت ٹرانسپورٹ چلانے کا حکم دے دیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعلیٰ کی زیرِ صدارت منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا جس میں انتظامی امور اور عوامی ریلیف کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
پنجاب کے وہ 17 اضلاع جہاں پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر نہیں تھی، وہاں حکومت نے شہریوں کی سہولت کے لیے مفت بسیں چلانے کا حتمی فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں پر اس کے اثرات کی رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ ہر صورت عام آدمی تک پہنچنا چاہیے۔ مریم نواز نے پیرا (Pera) کو سختی سے حکم دیا کہ صوبہ بھر میں ایل پی جی کی قیمتوں کو ریگولیٹ کیا جائے تاکہ صارفین سے زائد نرخ وصول نہ کیے جا سکیں۔ لاہور سمیت تمام اضلاع میں آٹا، چینی، دالوں اور سبزیوں کے نرخوں کا جائزہ لیا گیا اور قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو متحرک رہنے کا حکم دیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اجلاس کے دوران واضح کیا کہ اب صرف فائلوں تک محدود کام نہیں چلے گا بلکہ عملی کارکردگی دکھانی ہوگی۔ انہوں نے افسر شاہی کے احتساب کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عوامی ریلیف کے منصوبوں میں رکاوٹ بننے والے یا غفلت برتنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزیدخبریں