لاہور: پنجاب بھر کے سکول 15 اگست کو دوبارہ کھلنے کی بازگشت ہے، تاہم شدید گرمی اور حبس میں چھٹیوں میں 31 اگست تک توسیع کی تجویزدی جاری ہے ۔ محکمہ سکول ایجوکیشن نے تاحال حتمی فیصلہ نہیں کیا۔
محکمہ تعلیم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ موسم کی شدت بچوں کی صحت کے لیے خطرہ بن سکتی ہے، اسی لیے تعطیلات میں مزید اضافہ کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔ اس ضمن میں محکمہ موسمیات کی رپورٹس اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھا جا رہا ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا اسکندر حیات کاکہنا ہے کہ مشاورت ہورہی ہے، اور چند روز میں واضح فیصلہ ہوجائے گا۔
پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، لیکن نمی اور درجہ حرارت میں اضافے نے حبس کی شدت میں اضافہ کر دیا ہے۔ محکمہ تعلیم کے مطابق یہی صورتحال فیصلہ سازی میں اہم کردار ادا کرے گی۔