پنجاب حکومت کا دیہی و شہری علاقوں میں صفائی فیس عائد کرنے کا فیصلہ

04:30 PM, 7 Aug, 2025

لاہور :حکومت پنجاب نے مالی سال 2025-26 کے لیے دیہی اور شہری علاقوں میں صفائی فیس عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

محکمہ بلدیات کے حکام کے مطابق سینی ٹیشن فیس کے مختلف سلیب طے کر لیے گئے ہیں، جن کی حد 200 سے 5000 روپے ماہانہ تک ہوگی۔ دیہی علاقوں میں کم سے کم فیس 200 روپے اور زیادہ سے زیادہ 400 روپے مقرر کی گئی ہے۔

شہری علاقوں میں صفائی فیس کے سلیب 300 سے 5000 روپے ماہانہ ہوں گے۔ 5 مرلہ سے کم رقبے والے گھروں کے لیے 300 روپے، 5 سے 10 مرلہ کے لیے 500 روپے، 10 سے 20 مرلہ کے لیے 1000 روپے، 20 سے 40 مرلہ کے لیے 2000 روپے اور 40 مرلہ سے زیادہ رقبے والے گھروں کے لیے 5000 روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔

اسی طرح شہروں میں کاروباری اداروں کے لیے بھی مختلف فیس سلیب نافذ کیے گئے ہیں، جن میں سمال بزنس کے لیے 500، میڈیم بزنس کے لیے 1000 اور بڑے کاروبار کے لیے 3000 روپے ماہانہ فیس شامل ہے۔

محکمہ بلدیات کا کہنا ہے کہ بلنگ کا عمل ڈیجیٹلائز کیا جائے گا، اور ابتدائی طور پر دو ماہ کی فیس پرنٹ شدہ بل کی صورت میں فراہم کی جائے گی۔ شہری آن لائن ایپ کے ذریعے بھی فیس ادا کر سکیں گے۔ جہاں آن لائن سہولت میسر نہ ہوگی، وہاں صفائی کمپنی کے سپروائزر فیس وصول کریں گے۔

ڈپٹی سیکرٹری محکمہ بلدیات نے بتایا کہ "ستھرا پنجاب" مہم گزشتہ آٹھ ماہ سے جاری ہے، جس کے دوران صفائی فیس وصولی معطل رکھی گئی تھی۔

مزیدخبریں