لاہور پولیس کا 'فول پروف' سکیورٹی پلان: شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر پہرہ سخت، سرچ آپریشنز کا آغاز

11:42 AM, 7 Feb, 2026

لاہور : سانحہ اسلام آباد کے بعد صوبائی دارالحکومت میں سکیورٹی کے انتظامات کو فول پروف بنانے کے لیے جامع ایکشن پلان نافذ کر دیا گیا ہے۔ سی سی پی او لاہور کی زیرِ صدارت ہونے والے ہنگامی اجلاس میں شہر کو محفوظ بنانے کے لیے نئی حکمتِ عملی طے کی گئی ہے۔
 شہر کے تمام حساس مقامات، اہم سرکاری عمارات اور بین الاقوامی مراکز کی سکیورٹی کا ازسرِ نو جائزہ لے کر وہاں کمانڈوز کی تعیناتی بڑھا دی گئی ہے۔ مساجد اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی کے لیے منتظمین کے ساتھ مل کر 'رضاکاروں' اور پولیس کی مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ سی سی پی او نے واضح کیا کہ عبادت گاہوں کی سکیورٹی میں ذرہ برابر غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
 رائیونڈ، لکشمی چوک اور بس ٹرمینلز کے گردونواح میں پولیس نے سرچ آپریشنز شروع کر دیے ہیں۔ مشکوک افراد کی شناخت کے لیے جدید ٹیکنالوجی (Hotel Eye) کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
لاہور کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس نے سمارٹ بیریئرز لگا دیے ہیں۔ یہاں سے شہر میں داخل ہونے والی ہر گاڑی کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔    شاہدرہ اور گجومتہ میں  اہم پوائنٹس پر سی ٹی ڈی (CTD) اور پولیس کے دستے الرٹ ہیں۔

مزیدخبریں