اب ٹریفک پولیس ہی ٹوکن ٹیکس اور ای پی اے چالان وصول کرے گی

09:26 PM, 7 May, 2026

لاہور : حکومتِ پنجاب نے شہریوں کی سہولت کے لیے ایک بڑا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت اب ٹریفک پولیس اہلکار سڑکوں پر چالان کے ساتھ ساتھ ایکسائز کے ٹوکن ٹیکس اور محکمہ تحفظِ ماحول (EPA) کے چالان بھی وصول کر سکیں گے۔
نمائندہ لاہور رنگ  شاہد رضوی کے مطابق اس نئے نظام کے تحت ٹریفک پولیس کو "ون ایپ" کے ذریعے بااختیار بنایا جا رہا ہے۔ اس ایپلی کیشن میں پنجاب کے 9 مختلف محکموں کا ڈیٹا اور کوارڈنیشن موجود ہے، جس کی مدد سے ٹریفک وارڈنز موقع پر ہی گاڑی کے بقایاجات چیک کر کے وصولی کر سکیں گے۔
اس فیصلے کا باقاعدہ اطلاق اگلے ہفتے سے لاہور سمیت پنجاب کے تمام اضلاع میں کر دیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد مختلف محکموں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا اور ٹیکسوں کی وصولی کے عمل کو تیز بنانا ہے۔اس سسٹم کے فعال ہونے سے اب شہریوں کو ٹوکن ٹیکس یا ماحولیاتی چالان بھرنے کے لیے الگ سے دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے، بلکہ ٹریفک پولیس ناکوں پر ہی ان ادائیگیوں کو ممکن بنایا جا سکے گا۔ تاہم، ماہرین اسے انفورسمنٹ کے حوالے سے ایک سخت قدم بھی قرار دے رہے ہیں کیونکہ اب کسی بھی ٹریفک خلاف ورزی پر رکنے والی گاڑی کے پرانے ٹیکس بھی چیک کیے جائیں گے۔

مزیدخبریں