لاہور : حکومتِ پنجاب نے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت دیگر بڑے شہروں میں فضائی آلودگی کے بڑھتے ہوئے بحران سے نمٹنے کے لیے ایک جدید اور ماحول دوست منصوبے کا آغاز کر دیا ہے۔
سینئر رپورٹر نمائندہ لاہور رنگ ادریس شیخ کے مطابق اس انقلابی منصوبے کے تحت پہلی بار 30 جدید اینٹی اسموگ گنز کو خصوصی طور پر تیار کردہ الیکٹرک ٹرکوں پر نصب کیا جائے گا۔ حکومت نے اس میگا پروجیکٹ کے لیے 4 ارب 7 کروڑ 45 لاکھ روپے کا بجٹ مختص کیا ہے۔ اس منصوبے کو جون 2028 تک مکمل طور پر فعال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
یہ اینٹی سموگ گنز فضا میں 50 سے 100 مائیکرون کے باریک پانی کے ذرات اسپرے کریں گی، جو ہوا میں موجود زہریلے ذرات اور گرد و غبار کو زمین پر بٹھا دیں گی۔ الیکٹرک ٹرکوں کے استعمال سے آپریشن مکمل طور پر ماحول دوست ہوگا اور کاربن اخراج میں کمی آئے گی۔شہری علاقوں میں یہ ٹرک بغیر کسی شور کے کام کریں گے۔
ان گنز کو خاص طور پر ان مقامات پر تعینات کیا جائے گا جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) خطرناک حد تک زیادہ ہوگا۔
محکمہ ماحولیات اس منصوبے کی مکمل نگرانی کرے گا۔ دفاتر، پارکنگ، سیکیورٹی، اور گاڑیوں کی رجسٹریشن کی ذمہ داری محکمہ خود سنبھالے گا، جبکہ بجلی اور پانی سمیت تمام یوٹیلیٹی بلز بھی سرکاری سطح پر ادا کیے جائیں گے۔ فیلڈ اسٹاف کے لیے ٹرانسپورٹ اور ڈرائیورز بھی فراہم کیے جائیں گے۔
لاہور میں فضائی آلودگی کی بڑی وجوہات میں گاڑیوں کا دھواں، صنعتی اخراج اور تعمیراتی گرد شامل ہیں۔ اس سے قبل 15 گنز کے پائلٹ پروجیکٹ کی کامیابی کے بعد اب اس کا دائرہ کار وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو اسموگ کے مضر اثرات سے بچایا جا سکے۔
سموگ کے خلاف فیصلہ کن جنگ: پنجاب میں الیکٹرک ٹرکوں پر 'اینٹی سموگ گنز' لگانے کا منصوبہ منظور
09:43 PM, 7 May, 2026