دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا ،راوی میں سدھنائی کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب ،پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

12:16 PM, 7 Oct, 2025

لاہور:  پراوِنشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) پنجاب نے صوبے بھر میں جاری موسلادھار بارشوں کے سبب دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں خطرناک اضافے کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ستلج اور راوی دریاؤں میں نچلے درجے کے سیلاب کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جبکہ دریائے جہلم میں منگلا اپ اسٹریم پر درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر اور دریائے راوی میں ہیڈ سدھنائی پر پانی کی سطح بلند ہو چکی ہے جس کے باعث نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دریائے جہلم میں منگلا اپ اسٹریم پر درمیانے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔

ادھر ضلع بہاولپور میں شدید سیلاب کے باعث تباہی کا منظرنامہ سامنے آیا ہے جہاں سیلابی ریلوں نے ہزاروں مکانات کو نقصان پہنچایا اور لاکھوں ایکڑ زرعی زمین پر کھڑی فصلیں مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں مچھروں کی بہتات سے وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔

ملتان کی تحصیل جلال پور پیر والا میں بھی پانی کی نکاسی کا عمل جاری ہے تاہم کئی نشیبی علاقے اب بھی پانی کی لپیٹ میں ہیں۔ متعلقہ ادارے صفائی اور نکاسی آب کے کاموں کو تیز کرنے میں مصروف ہیں۔

اسی دوران، نوراجہ بھٹہ بند پر موجود تمام سات شگاف مکمل طور پر بند کر دیے گئے ہیں مگر سیلابی صورتحال کی وجہ سے موٹر وے ایم 5 اب بھی بند ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ موٹر وے کے 23 کلومیٹر طویل راستے کے 13 سے زائد حصے شدید متاثر ہوئے ہیں، اور جلد مرمت کا کام شروع کیا جائے گا۔ ٹریفک کو متبادل راستوں سے روانہ رکھا جا رہا ہے۔

پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ نے عوام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ متاثرہ دریائی علاقوں سے دور رہیں، ممکنہ خطرات سے بچاؤ کے لیے فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔

مزیدخبریں