لاہور میں آج ہوا کے معیار میں بہتری کا امکان، آلودگی میں کمی کی توقع

03:58 PM, 7 Oct, 2025

لاہور ::پنجاب کے جدید موسمیاتی نظام کے مطابق لاہور میں آج ہوا کے معیار میں بہتری کا امکان ہے۔ شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) آج 115 رہنے کی توقع ہے جو معتدل درجے میں آتا ہے۔

پنجاب کے سموگ مانیٹرنگ سسٹم کے مطابق، صبح کے اوقات میں ہلکی بارش سے آلودگی کے پھیلاؤ میں کمی آئے گی اور ہوا کی رفتار دن کے دوران 8 سے 12 کلومیٹر فی گھنٹہ رہے گی۔ تاہم شام کو ٹریفک کے دباؤ کے باعث AQI میں معمولی اضافہ متوقع ہے۔

رات 12 بجے ہوا کی رفتار 15 کلومیٹر فی گھنٹہ اور درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیشگوئی ہے، جب کہ صبح کے وقت ہوا کا معیار مزید بہتر ہو کر AQI 90 تک پہنچ جائے گا۔

پنجاب حکومت کے مطابق وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں سموگ پر قابو پانے کے لیے جدید آلات، ڈرون سرویلنس، ایئر کوالٹی مانیٹرز اور مصنوعی ذہانت (AI) کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ماحول دوست رویہ اپنائیں، کوڑا کرکٹ جلانے سے گریز کریں اور گاڑیوں کے باقاعدہ معائنے کروائیں تاکہ لاہور کی فضا کو صاف رکھا جا سکے۔

مزیدخبریں