اسلام آباد: ملک بھر میں حالیہ طوفانی بارشوں اور شدید سیلاب نے زرعی شعبے کو شدید نقصان پہنچایا ہے، جس کے باعث کاشتکاروں کو دو ارب ڈالر سے زائد کا مالی خسارہ برداشت کرنا پڑا۔
زرعی رپورٹ کے مطابق، بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں 25 لاکھ ایکڑ سے زائد اراضی پر کھڑی فصلیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔ سب سے زیادہ متاثرہ فصل چاول کی رہی، جو 9 لاکھ 98 ہزار ایکڑ پر کاشت کی گئی تھی اور مکمل طور پر برباد ہو گئی۔
مزید یہ کہ 5 لاکھ 83 ہزار ایکڑ پر اگایا گیا جانوروں کا چارہ بھی پانی کی نذر ہو گیا، جس سے مویشی پالنے والے کسان بھی شدید متاثر ہوئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ تباہی نہ صرف کسانوں کی معیشت کے لیے نقصان دہ ہے بلکہ اس کے اثرات قومی غذائی تحفظ اور اجناس کی قیمتوں پر بھی مرتب ہوں گے۔
زرعی تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر متاثرہ کسانوں کو مالی امداد فراہم کی جائے، جبکہ طویل المدتی بنیادوں پر سیلاب سے بچاؤ کے اقدامات، فصلوں کی انشورنس اور زرعی بحالی کے پروگرام شروع کیے جائیں۔