لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے بیان کو غلط رنگ دینے کی کوشش کی گئی، ملک انتشار کی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاکستان نے عظیم کامیابی حاصل کی، مسلح افواج نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے خیبرپختونخوا کی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال ابتر ہے اور صوبائی حکومت دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات نہیں کر رہی۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے الزام عائد کیا کہ خیبرپختونخوا کے وسائل انتشاری سیاست کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز خیبرپختونخوا میں بھی امن کی خواہاں ہیں اور امن و امان قائم کرنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز کے بیان سے پختونوں کی توہین کیسے ہوگئی؟ پختونوں کی توہین تب ہوتی جب انہیں تعلیم کے حق سے محروم رکھا جاتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سہیل آفریدی سرکاری وسائل استعمال کرتے ہوئے دندناتے پھر رہے ہیں۔