لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کو پاکستان کی تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قیادت کی بصیرت نے دنیا کو ایک عظیم انسانی المیے اور تیسری عالمی جنگ کے دہانے سے نکال لیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے تہنیتی بیان میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سفارتی حکمت عملی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا پاکستان کی مخلصانہ کوششوں نے وہ کر دکھایا جو ناممکن نظر آتا تھا۔ اللہ کا شکر ہے کہ اس نے امن کے اس عظیم مشن کے لیے ہمارے ملک کا انتخاب کیا۔
مریم نواز کے مطابق پاکستان کی 'خاموش اور مخلصانہ' سفارتکاری نے عالمی طاقتوں کو میز پر لا کر اربوں انسانوں کا مستقبل محفوظ بنا دیا ہے۔بیان میں خاص طور پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم کی 'امن دوستی' کو سراہا گیا، جس کی بدولت خطے میں بارود کی بو ختم اور امن کی فضا قائم ہوئی۔
مریم نواز نے امریکہ، ایران اور مسلم امہ کی قیادت کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستان کی امن پسندی پر اعتماد کیا اور جنگ کی جگہ مذاکرات کو ترجیح دی۔
سیاسی مبصرین اس بیان کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کے ایک نئے اور طاقتور دور کا آغاز قرار دے رہے ہیں، جہاں ملک اب دفاعی کے ساتھ ساتھ عالمی سفارتی محاذ پر بھی ایک 'لیڈر' کے طور پر ابھرا ہے۔
"شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دنیا کو تیسری عالمی جنگ سے بچا لیا، مریم نواز کا تاریخی خراجِ تحسین"
12:25 PM, 8 Apr, 2026