لاہور: حالیہ بارشوں نے موسم کی کایا پلٹ دی ہے۔ دن بھر نرم گداز دھوپ کے ساتھ سردی کی لہر نے ڈیرے ڈال لیے ہیں، جس سے موسم خوشگوار اور ٹھنڈا ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے اور کم سے کم درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بادل وقفے وقفے سے برستے رہیں گے۔ ٹھنڈی ہواؤں کے باعث سردی کا یہ روپ مزید کچھ دن برقرار رہنے کا امکان ہے۔
بارش جہاں سردی لائی ہے، وہیں شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری فضائی آلودگی میں نمایاں کمی کی صورت میں سامنے آئی ہے۔ مسلسل بارش کے باعث لاہور کی فضا صاف ہو گئی ہے اور ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 120 پر آ گیا ہے، جس سے اسموگ کا زور ٹوٹ گیا ہے اور شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔
دن بھر نکلنے والی ہلکی اور نرم دھوپ نے سردی کے احساس کو دوبالا کر دیا ہے۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے خوشگوار موسم کا لطف اٹھانے کے لیے تفریحی مقامات کا رخ کر لیا ہے، جبکہ محکمہ صحت نے شہریوں کو بدلتے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
بارشوں سے موسم کا مزاج بدل گیا: فضائی آلودگی میں کمی، لاہور کی فضاؤں میں نکھار
06:20 PM, 8 Apr, 2026