لاہور : صوبائی دارالحکومت کی خوبصورتی میں اضافے اور ماحول کو معطر بنانے کے لیے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (PHA) نے ایک بڑا اقدام اٹھا لیا ہے۔ کینال روڈ کو رنگ برنگے پھولوں سے سجانے کے لیے "ٹھوکر نیاز بیگ سے جلو" تک پھول دار پودے لگانے کے منصوبے کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی راشد اقبال نصر اللہ نے جوہر ٹاؤن میں واقع 'فیلڈ آف فلاورز' میں اس خوبصورت منصوبے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پی ایچ اے کی کاوشوں کو سراہا اور اسے شہر کے لیے ایک بہترین تحفہ قرار دیا۔
اس شجرکاری مہم کے تحت کینال روڈ کے دونوں اطراف کو مزید سرسبز اور رنگین بنایا جائے گا۔ کینال کے طویل راستے پر مجموعی طور پر 10 ہزار پھول دار پودے لگائے جائیں گے۔ یہ منصوبہ ٹھوکر نیاز بیگ سے شروع ہو کر جلو موڑ تک کینال کے پورے حصص کو کور کرے گا۔ اس اقدام کا مقصد نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرنا ہے بلکہ فضائی آلودگی میں کمی اور شہریوں کو خوشگوار ماحول فراہم کرنا بھی ہے۔
پی ایچ اے حکام کا کہنا ہے کہ کینال روڈ لاہور کی شہ رگ ہے اور یہاں رنگ برنگے پھولوں کی موجودگی سے جہاں سیاحوں اور شہریوں کو خوشگوار احساس ملے گا، وہیں لاہور کے روایتی حسن کو بھی چار چاند لگ جائیں گے۔
لاہور کینال پر رنگوں کی بہار: ٹھوکر سے جلو تک 10 ہزار پھول دار پودے لگانے کا منصوبہ شروع
06:21 PM, 8 Apr, 2026