لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر محکمہ جنگلات نے پاکستان میں پہلی بار جدید ہائیڈروسیڈنگ ٹیکنالوجی کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ ٹیکنالوجی بنجر زمینوں کو سرسبز بنانے کے لیے استعمال کی جائے گی اور اس کے ذریعے ماحولیاتی بحالی، شجرکاری، اور مٹی کے کٹاؤ کی روک تھام کے عمل میں نمایاں بہتری آئے گی۔
محکمہ جنگلات نے فاریسٹ پارک جلو لاہور اور راولپنڈی کے تخت پڑی میں کئی ایکڑ رقبے پر بیج، کھاد، پانی اور نامیاتی اجزاء پر مشتمل محلول کو اسپرے کیا ہے۔ اس جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے بنجر زمینوں کو سبز و شاداب بنانے کے عمل میں وقت کی بچت ہوگی اور کم محنت سے زیادہ نتائج حاصل ہوں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ "پنجاب ماحولیاتی تحفظ اور شجرکاری میں ملک کی قیادت کرے گا، اور اس جدید ترین ٹیکنالوجی کے ذریعے ہم اپنے صوبے کو سرسبز بنانے کی طرف اہم قدم اٹھا رہے ہیں۔"