لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں کامیاب اور محفوظ بسنت کے انعقاد کے بعد صوبے کے دیگر شہروں میں بھی بسنت منانے کا بڑا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ لاہور کے کامیاب تجربے کے بعد اب 'سیف بسنت' (Safe Basant) کا تصور پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی اپنایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے لاہور میں قواعد و ضوابط کے مطابق تہوار منانے پر شہریوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ "شاباش لاہور! مجھے خوشی ہے کہ لاہوریوں نے ہمارے اعتماد کی لاج رکھی۔" انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں نے حکومتی ضوابط پر عمل کر کے ایک محفوظ اور خوش و خرم بسنت کی مثال قائم کی ہے، جس میں انسانی جانوں کے تحفظ کو اولیت دی گئی۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد روایتی خوشیوں کو بحال کرنا ہے مگر کسی بھی قیمت پر انسانی جان کو خطرے میں نہیں ڈالا جا سکتا۔لاہور کے بعد اب پنجاب کے دیگر بڑے شہروں میں بھی مرحلہ وار بسنت منانے کی اجازت دی جائے گی۔دیگر شہروں میں بھی وہی سخت قواعد و ضوابط نافذ ہوں گے جن کے تحت لاہور میں پتنگ بازی کی اجازت دی گئی تھی۔
مریم نواز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ "خوش و خرم مگر محفوظ بسنت" کا جو تصور ہم نے دیا تھا، اسے اب پوری طرح اپنا لیا گیا ہے۔ انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دیگر شہروں میں بھی محفوظ مقامات اور ڈور کی مانیٹرنگ کے حوالے سے پلان تیار کریں تاکہ عوام کو تفریح کے بھرپور مواقع مل سکیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا 'سیف بسنت' کے دائرہ کار کو وسعت دینے کا اعلان، لاہور کے بعد دیگر شہروں میں بھی بسنت منانے کا عندیہ
03:13 PM, 8 Feb, 2026