شدید دھند کے باعث پنجاب اور سندھ میں ٹریفک نظام درہم برہم، موٹرویز بند، حادثات میں جانی نقصان

09:14 AM, 8 Jan, 2026

لاہور:پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں میں شدید دھند چھا جانے کے باعث حدِ نگاہ نہایت کم ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر ٹریفک شدید متاثر ہو گئی ہے۔ صورتحال کے پیش نظر موٹرویز کے مختلف سیکشنز کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

موٹروے ایم ٹو لاہور سے بلکسر تک، موٹروے ایم تھری فیض پور سے رجانہ تک اور موٹروے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک دھند کے باعث بند کر دی گئی ہے، جبکہ موٹروے ایم فائیو پر ملتان سے روہڑی تک گاڑیوں کا داخلہ روک دیا گیا ہے۔

قومی شاہراہ پر لاہور، مانگا منڈی، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، کسوال اور اقبال نگر سمیت متعدد علاقوں میں شدید دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ اسی طرح میاں چنوں، خانیوال، ملتان، بستی ملوک، لودھراں، بہاولپور، احمد پور شرقیہ، ترنڈہ محمد پناہ، رحیم یار خان اور صادق آباد میں بھی دھند چھائی ہوئی ہے۔

دھند کے باعث پتوکی اور جیکب آباد میں ٹریفک حادثات پیش آئے جن میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا جبکہ سات افراد شدید زخمی ہو گئے۔ حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مزیدخبریں