لاہور :صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق کی سربراہی میں حلقہ پی پی 153 میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں نئے واٹر ٹینک کی تنصیب اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں خواجہ سلمان رفیق نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں عوامی خدمت کے جاری پروگراموں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حلقہ پی پی 153 کے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے واٹر ٹینک کی تنصیب سے علاقے کے رہائشیوں کو صاف پانی کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ حلقہ پی پی 153 میں سیوریج، صفائی ستھرائی اور پانی کی فراہمی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات جلد میسر ہوں۔ انہوں نے تاج پورہ، ہربنس پورہ اور بٹ چوک کے علاقوں میں سہولیات بڑھانے کے اقدامات کا بھی ذکر کیا۔
خواجہ سلمان رفیق نے عوام کے تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی شمولیت کے بغیر کوئی بھی منصوبہ کامیاب نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے مسلم لیگ ن کی حکومت کی عوامی فلاح و بہبود کے لیے خدمات کو بھی نمایاں کیا۔