لندن: معروف گلوکار چاہت فتح علی نے لندن میں صحافیوں کو بتایا ہے کہ انہوں نے اپنی موسیقی کی اکیڈمی کے بعد اب اداکاری کی تعلیم کے لیے بھی کلاسز کا آغاز کر دیا ہے۔ ان کا مقصد نئے آنے والے فنکاروں کو راہنمائی فراہم کرنا اور انہیں انڈسٹری میں کامیابی دلوانا ہے۔
چاہت نے کہا کہ بچپن سے ہی انہیں انٹرٹینمنٹ کا شوق تھا اور تقریباً دس سال پہلے انہیں احساس ہوا کہ یہی ان کا میدان ہے۔ ان کی محنت اور لگن نے انہیں کامیابی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اداکاری کی کلاسز میں شامل طلبا کو پہلے ان کے لہجے اور بولنے کے انداز کو بہتر بنانے پر توجہ دی جائے گی۔ انہیں اردو، انگریزی اور پنجابی زبانوں کی مہارت بھی دی جائے گی کیونکہ ان زبانوں پر عبور اداکاری کے لیے بہت اہم ہے۔
چاہت نے کہا کہ وہ اپنی اکیڈمی کے نوجوان فنکاروں کو سوشل میڈیا پر پروموٹ کریں گے اور بڑے فلم سازوں کے ساتھ ان کے روابط بھی قائم کریں گے تاکہ ان کا کیریئر مضبوط ہو سکے۔
چاہت فتح علی نے مزید کہا کہ وہ کچھ گلوکاروں کے تحفظات کو سمجھ نہیں پاتے کیونکہ وہ ہمیشہ محنت پر یقین رکھتے ہیں اور دس سال سے اسی جذبے کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دو سال پہلے انہوں نے ایک فلم میں کام کیا تھا اور ان کی نئی فلم "دی ڈارلنگ" اس سال کے آخر میں پاکستان کے 50 مختلف سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔