لاہور میں عید کی تیاریاں جوبن پر: دوسرے عشرے کے اختتام کے ساتھ ہی بازاروں میں خریداروں کا رش

05:23 PM, 8 Mar, 2026

لاہور : رمضان المبارک کا دوسرا عشرہ اختتام پذیر ہوتے ہی صوبائی دارالحکومت لاہور میں عید الفطر کی رونقیں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ شہر کے تمام چھوٹے بڑے تجارتی مراکز میں شہریوں کی بڑی تعداد نے خریداری کے لیے بازاروں کا رخ کر لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، لاہور کی معروف لبرٹی مارکیٹ سمیت انارکلی، اچھرہ اور دیگر بازاروں میں خریداروں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔ خاص طور پر خواتین میں عید کے ملبوسات، جوتوں اور میچنگ جیولری کی خریداری کا خاصا جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ عید کی تیاریوں میں مصروف خواتین کا زیادہ تر رجحان نت نئے ڈیزائن کے ملبوسات، شیشے والے روایتی کھسوں اور رنگ برنگی لیسوں کی جانب ہے۔  دکانداروں کا کہنا ہے کہ اس سال خواتین میں 'کشمیری چوڑیوں' کی طلب میں اضافہ ہوا ہے اور بازاروں میں ان کے اسٹالز پر خواتین کا سب سے زیادہ ہجوم نظر آتا ہے۔
شہر کے تاجروں اور دکانداروں نے عید کی آمد کے پیشِ نظر اپنی دکانوں کو رنگ برنگی روشنیوں اور نئے اسٹاک سے سجا لیا ہے۔  دکانداروں کے مطابق، دوسرے عشرے کے بعد سیلز میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے اور لوگ اپنی پسند کے مطابق میچنگ دوپٹے اور جیولری کی خریداری میں مصروف ہیں۔
بازاروں میں موجود شہریوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ مہنگائی کے اثرات موجود ہیں، لیکن عید کی خوشیاں منانے کے لیے وہ اپنی بساط کے مطابق خریداری کر رہے ہیں۔ میچنگ لیسیں ہوں یا جیولری، ہر کوئی اپنے عید کے جوڑے کو مکمل کرنے کی تگ و دو میں نظر آتا ہے۔

مزیدخبریں