صوبائی وزیر صحت کا ٹی ایچ کیو ہسپتال مناواں کا اچانک دورہ: ناقص انتظامات اور تنخواہوں میں تاخیر پر سخت برہمی

05:25 PM, 8 Mar, 2026

لاہور : صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے تحصیل ہیڈ کوارٹر (THQ) ہسپتال مناواں کا دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف وارڈز سمیت طبی سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ دورے کے دوران انتظامات میں سنگین کوتاہیوں پر صوبائی وزیر نے شدید ناراضی کا اظہار کیا۔
 خواجہ عمران نذیر نے ہسپتال میں فضلہ ٹھکانے لگانے (Waste Disposal) کے غیر تسلی بخش نظام پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور اسے مریضوں کی صحت کے لیے خطرہ قرار دیا۔ صوبائی وزیر نے ہسپتال کی فارمیسی کا بھی معائنہ کیا اور ادویات کی دستیابی و ریکارڈ کو چیک کیا۔
 دورے کے دوران لوئر اسٹاف نے شکایت کی کہ انہیں گزشتہ 5 ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں۔ اس سنگین غفلت پر خواجہ عمران نذیر آگ بگولہ ہو گئے اور متعلقہ حکام سے فوری جواب طلب کر لیا۔
خواجہ عمران نذیر نے واضح کیا کہ ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی اور عملے کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ویسٹ مینجمنٹ کے نظام کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے اور عملے کی تنخواہوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ غریب ملازمین کی پریشانی دور ہو سکے۔

مزیدخبریں