لاہور: لاہور کی مقامی عدالت نے یوٹیوبر سعد الرحمٰن عرف ڈکی بھائی کے خلاف جوئے کی ایپ کی ترغیب دینے کے مقدمے میں مزید جسمانی ریمانڈ دینے کی نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی کی درخواست مسترد کر دی ہے۔
ڈکی بھائی کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ضلع کچہری لاہور میں پیش کیا گیا، جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے کیس کی سماعت کی۔
دورانِ سماعت سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم کا مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے تاکہ تفتیش مکمل کی جا سکے۔ تاہم عدالت نے دستیاب ریکارڈ اور دلائل کا جائزہ لینے کے بعد یہ درخواست مسترد کر دی۔
عدالت نے یوٹیوبر سعد الرحمٰن عرف ڈکی بھائی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی نے یوٹیوبر کے خلاف جوئے کی غیر قانونی ایپ کی تشہیر اور عوام کو اس میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینے کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔