سیاسی انتقام اور سازشیں ملک کے استحکام کے لیے خطرہ:سپیکر پنجاب اسمبلی

03:19 PM, 9 Dec, 2025

لاہور: سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے داخلی معاملات میں شدید بے چینی اور شورش پیدا کی جا رہی ہے، جس سے نظام پسپا ہو رہا ہے۔

پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام کی صورت میں معیشت متاثر ہوگی۔ ملک محمد احمد خان نے واضح کیا کہ اگر کسی سیاسی حریف پر ایک بھی سیاسی مقدمہ ثابت ہو گیا تو وہ فوری طور پر استعفیٰ دے دیں گے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ اور فوج کے خلاف اقدامات ملک کے مفاد کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ عناصر خود فوج کی پیدوار ہیں اور ملک کے ساتھ کھلواڑ قبول نہیں کیا جائے گا۔

ملک محمد احمد خان نے کہا کہ سپریم کورٹ میں ایک گروہ بندی کے تحت متعدد مقدمات صرف ایک سیاسی جماعت کے خلاف چلائے گئے، جو باقاعدہ سیاسی انتقام کی مہم تھی۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹے مقدمات اور کاروباری افراد کے خلاف اقدامات ناقابل قبول ہیں۔

انہوں نے نو مئی اور 10 مئی کے واقعہ کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فوج کی تنصیبات، لاہور کور کمانڈر کا گھر اور قومی پرچم پر حملے منصوبہ بندی کے تحت کیے گئے، اور یہ ملک کی سلامتی کے لیے واضح خطرہ ہیں۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے زور دیا کہ ملک کی سلامتی اور فوج کی مرکزیت پر کسی صورت آنچ نہیں آنے دی جائے گی اور دشمن عناصر کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

مزیدخبریں