لاہور: لاہور میں مسلسل بارش کے باعث کئی نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے، جس سے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ جیل روڈ، کلمہ چوک، انار کلی، بھاٹی گیٹ، ماڈل ٹاؤن، گرین ٹاؤن اور ٹھوکر نیاز بیگ سمیت مختلف علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہو جانے سے گاڑیوں کی آمد و رفت میں رکاوٹ پیش آئی۔
بارش کے باعث گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہو گیا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، پشاور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
شدید بارشوں کے باعث شہریوں کو نشیبی علاقوں میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔