لاہور:پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں شہری سبزہ زاروں کی بحالی اور بہتری کے لیے جامع منصوبہ تیار کیا ہے، جس میں تمام پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹیز کے لیے نئے بزنس ماڈلز متعارف کروائے جائیں گے تاکہ مالی خود کفالت اور بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
رواں مالی سال کے لیے پی ایچ ایز کے لیے 10 ارب روپے فنڈز کی درخواست حکومت کو ارسال کی گئی ہے، جس سے ماحولیات اور تفریحی سہولیات کو فروغ دیا جائے گا۔ لاہور کے لیے 3.3 ارب روپے جبکہ دیگر شہروں کے پارکس کی مرمت، دیکھ بھال اور خوبصورتی کے لیے مناسب فنڈز فراہم کیے جائیں گے، کیونکہ موجودہ بجٹ میں دیگر شہروں کو فنڈز کی کمی کا سامنا ہے۔
حکومت نے کابینہ کی ایک سب کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز بھی پیش کی ہے، جسے پی ایچ ایز کی نگرانی اور منصوبہ بندی کی ذمہ داری دی جائے گی۔ اس کمیٹی کا دائرہ کار کھیلوں کے میدان، پیڈل ٹینس، فٹسال جیسے منصوبوں تک بھی پھیلایا جائے گا۔
نجی شعبے کے تعاون، ایونٹس، نرسری، اشتہارات اور سپانسرشپ کے ذریعے آمدنی بڑھانے کے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ "کلین اینڈ گرین پنجاب" کے وژن کو مکمل کیا جا سکے۔
پنجاب حکومت کے سیکرٹری ہاؤسنگ، نورالامین مینگل نے یہ سمری منظوری کے لیے ارسال کر دی ہے، جس کے بعد جلد ہی عملی اقدامات شروع کیے جائیں گے۔