پی ٹی آئی کی طرف سے ایک اور استعفیٰ

09:08 PM, 9 Oct, 2025

لاہور::پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان کے استعفوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، اور اس سلسلے میں پہلا باضابطہ استعفیٰ پارٹی کے رکن شیخ امتیاز محمود کی جانب سے سامنے آ گیا ہے۔

نمائندہ لاہور رنگ  بلال مرزا کے مطابق  شیخ امتیاز محمود نے قائمہ کمیٹی برائے بلدیاتی حکومت (لوکل گورنمنٹ) اور قائمہ کمیٹی برائے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن (S&GAD) سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ان کا استعفیٰ باقاعدہ طور پر پنجاب اسمبلی کے سپیکر آفس کو بھجوا دیا گیا ہے۔

شیخ امتیاز محمود نے استعفے کے متن میں لکھا "میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ہدایت پر دونوں قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔ ذرائع کے مطابق، پارٹی کی مرکزی قیادت کی جانب سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے ارکان موجودہ اسمبلی میں کسی قائمہ کمیٹی یا قانون سازی کا حصہ نہیں بنیں گے، کیونکہ پارٹی اسے "جمہوری اصولوں سے ہٹ کر بنائی گئی اسمبلی" قرار دے رہی ہے۔

شیخ امتیاز محمود ان تین اپوزیشن ارکان میں شامل ہیں جن کی پنجاب اسمبلی کی رکنیت معطل کی جا چکی ہے۔ معطلی کے باوجود وہ دونوں قائمہ کمیٹیوں کے رکن تھے، تاہم پارٹی فیصلے کے مطابق اب انہوں نے کمیٹیوں سے بھی علیحدگی اختیار کر لی ہے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ صرف پہلا قدم ہے، اور آنے والے دنوں میں پی ٹی آئی کے مزید ارکان بھی مختلف قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہوں گے۔ یہ اقدام پارٹی کی جانب سے موجودہ سیاسی و پارلیمانی نظام سے علامتی احتجاج کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں