پنجاب کے دیہی علاقوں کیلئے جائیداد کی منتقلی سستی: سٹامپ ڈیوٹی میں 2 فیصد کمی کا آرڈیننس جاری

02:57 PM, 10 Apr, 2026

لاہور : پنجاب حکومت نے صوبے کے دیہی علاقوں میں جائیداد کی خریدو فروخت کرنے والے شہریوں کو بڑا ریلیف فراہم کر دیا ہے۔ گورنر پنجاب نے سٹامپ ڈیوٹی ترمیمی آرڈیننس 2026ء پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے بعد صوبے بھر میں جائیداد کی منتقلی کے ٹیکسز کا نیا ڈھانچہ نافذ العمل ہو گیا ہے۔
نئے آرڈیننس کے تحت پنجاب کے دیہی علاقوں میں جائیداد کی خریدو فروخت پر وصول کی جانے والی اسٹامپ ڈیوٹی میں 2 فیصد کی نمایاں کمی کر دی گئی ہے۔ اس سے قبل دیہی علاقوں کے مکین جائیداد کی منتقلی پر 3 فیصد ڈیوٹی ادا کر رہے تھے، جو اب کم ہو کر صرف 1 فیصد رہ گئی ہے۔
اس ترمیمی آرڈیننس کے بعد پنجاب کے شہری اور دیہی علاقوں کے درمیان اسٹامپ ڈیوٹی کا فرق ختم کر دیا گیا ہے۔ اب پورے صوبے میں جائیداد کی رجسٹری اور منتقلی پر یکساں طور پر 1 فیصد اسٹامپ ڈیوٹی وصول کی جائے گی۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے دیہی علاقوں میں رئیل اسٹیٹ کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور عام آدمی پر مالی بوجھ کم ہوگا۔ ڈیوٹی کی شرح میں کمی سے شہریوں کو اپنی جائیدادیں قانونی طور پر رجسٹر کروانے میں آسانی ہوگی، جس سے حکومتی ریونیو میں بھی اضافے کی توقع ہے۔

مزیدخبریں