شجاع آباد : بستی ملوک کے علاقے 14 فیض میں خاندانی رنجش پر دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں وارث نامی شخص نے پسند کی شادی کرنے پر اپنی بیٹی، دو نواسوں اور ایک نواسی کو قتل کر دیا۔ واقعہ نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا۔
واقعہ کے بعد ایس پی صاحب نے اپنے وفد کے ہمراہ لواحقین کے گھر کا دورہ کیا تاکہ ان سے ہمدردی کا اظہار کیا جا سکے۔ اس موقع پر صدر میڈیم خدیجہ صاحبہ بھی موجود تھیں۔
دورے کے دوران فاتح خوانی کی گئی اور مرحومین کی مغفرت کے لیے دعائیں کی گئیں۔ اس کے علاوہ، امدادی رقم کا چیک لواحقین کے حوالے کیا گیا تاکہ وہ اس مشکل وقت میں مالی معاونت حاصل کر سکیں۔
ایس پی صاحب اور صدر میڈیم خدیجہ صاحبہ نے متاثرہ خاندان کو یقین دلایا کہ انصاف کے عمل کو ہر صورت شفاف اور موثر بنایا جائے گا، اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔
پولیس کے مطابق مقتولہ نے چند سال قبل اپنی پسند سے شادی کی تھی، جس پر اس کا والد ناراض تھا۔ رنجش شدت اختیار کر گئی اور بالآخر وارث نے انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے اپنی بیٹی سمیت تین معصوم بچوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشیں قبضے میں لے لیں، جنہیں پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم وارث کو گرفتار کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
مقتولین کی نمازِ جنازہ گزشتہ روز مقامی قبرستان میں ادا کی گئی، جس میں اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ فضا سوگوار رہی اور ہر آنکھ اشکبار تھی۔