پنجاب میں شدید دھند، متعدد موٹرویز بند، سردی کی لہر بدستور برقرار

09:07 AM, 10 Jan, 2026

لاہور:پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے جس سے نظامِ ٹریفک متاثر ہو رہا ہے۔ دھند کے سبب موٹروے ایم-3 جڑانوالہ سے درخانہ، ایم-4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم اور گوجرہ سے عبدالحکیم جبکہ ایم-5 ملتان سے ظاہر پیر اور ملتان سے سکھر تک عارضی طور پر بند کر دی گئی ہیں۔

موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سفر کے لیے دن کے اوقات کو ترجیح دیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ دھند کے دوران صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک سفر نسبتاً محفوظ رہتا ہے۔ ڈرائیور حضرات فوگ لائٹس کا لازمی استعمال کریں اور رفتار آہستہ رکھیں۔

دوسری جانب ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے۔ ٹھنڈی اور خشک ہواؤں کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو رہے ہیں جبکہ پنجاب کے متعدد علاقوں میں درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے کئی درجے نیچے گر گیا ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزیدخبریں