اسلام آباد: پاکستان کے آسمان پر آج رات فلکیاتی شائقین کے لیے ایک نادر موقع آیا، جب نظام شمسی کا سب سے بڑا سیارہ مشتری زمین کے سب سے قریب ترین فاصلے پر پہنچا۔ ماہرین فلکیات کے مطابق، زمین، مشتری اور سورج ایک سیدھی لائن میں آ گئے، جس کی وجہ سے مشتری آج غیر معمولی طور پر روشن اور بڑا دکھائی دیا۔
سپارکو کے ترجمان نے بتایا کہ مشتری شام 6 بج کر 34 منٹ سے لے کر کل صبح 6 بج کر 45 منٹ تک پاکستان کے آسمان پر دیکھا جا سکتا ہے۔ سیارہ غروب آفتاب کے فوراً بعد طلوع ہوگا اور پوری رات آسمان میں موجود رہے گا، ستاروں کے درمیان سب سے بڑا اور سب سے زیادہ چمکدار نظر آئے گا۔
ماہرین کے مطابق یہ مشتری کی زمین کے قریب ترین پوزیشن ہے، جسے Opposition کہتے ہیں۔ فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس قسم کا منظر تقریباً ہر 13 ماہ بعد دوبارہ دیکھنے کو ملتا ہے، لیکن آج کی رات کا منظر اپنی روشنی اور حجم کی وجہ سے بے مثال تھا۔