لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں جاری بارشوں کے بعد اربن فلڈنگ کی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں میں جمع بارشی پانی کی نکاسی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے، اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے واسا سمیت تمام متعلقہ اداروں کو حکم دیا ہے کہ سڑکوں، گلیوں اور نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کا عمل تیز کیا جائے۔ انہوں نے واسا حکام کو فیلڈ میں موجود رہنے اور نکاسی آب کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت دی ہے۔
مریم نواز نے انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ تمام شہروں کی مرکزی اور اندرونی سڑکوں کو فوری طور پر ٹریفک کے لیے کلیئر کیا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
وزیراعلیٰ نے پی ڈی ایم اے کے وضع کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو بھی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل ناگزیر ہے۔
بارش کے باعث لاہور میں پیش آنے والے 229 ٹریفک حادثات میں 280 افراد زخمی ہوئے ہیں، جس پر وزیراعلیٰ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹریفک نظام کو مؤثر بنانے کے لیے اضافی اقدامات کی ہدایت دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بارش کے دوران عوامی مشکلات میں اضافے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ نکاسی آب میں سستی یا غفلت ناقابلِ برداشت ہوگی اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔