راولپنڈی :فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں ملکی و علاقائی سلامتی، دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشنز اور بین الاقوامی حالات پر غور کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم کو سیکیورٹی فورسز کی حالیہ کامیابیوں اور بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد نیٹ ورکس کے خلاف آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کانفرنس کے شرکاء نے دہشتگرد حملوں میں شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ شہداء کا خون ملک و قوم کی حفاظت کا ضامن ہے اور کبھی رائیگاں نہیں جائے گا۔
فورم نے واضح کیا کہ بھارت کی جانب سے فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان جیسے گروہوں کے ذریعے پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی کوششیں ناقابل قبول ہیں۔شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایسے گروہوں کے خلاف فیصلہ کن اور جامع کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
فورم کو آرمی چیف کے وزیراعظم کے ہمراہ ایران، ترکیہ، آذربائیجان، سعودی عرب، یو اے ای اور امریکہ کے کامیاب دوروں پر بھی بریف کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان ملاقاتوں میں پاکستان کا واضح اور بامقصد مؤقف عالمی قیادت کے سامنے رکھا گیا، جبکہ دو طرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر بھی اہم تبادلہ خیال ہوا۔
فورم نے مشرق وسطیٰ اور ایران کی حالیہ پیش رفت کے تناظر میں پاکستان کی داخلی و خارجی سیکیورٹی کا مفصل جائزہ لیا۔
طاقت کے استعمال کو ترجیحی پالیسی کے طور پر اپنانے کے رجحان پر تشویش ظاہر کی گئی اور کہا گیا کہ اس بدلتے تناظر میں قومی اتحاد، خود انحصاری اور مربوط سیکیورٹی حکمت عملی ناگزیر ہو چکی ہے۔آرمی چیف نے کہا کہ بھارت خطے میں نیٹ سکیورٹی پرووائیڈر بننے کے خود ساختہ دعوے کر کے دنیا کو گمراہ کر رہا ہے، مگر حقیقت یہ ہے کہ عالمی برادری بھارتی ہندوتوا سوچ اور توسیع پسندانہ عزائم سے بیزار ہو چکی ہے۔
کانفرنس کے دوران پاک فوج کی جدید حکمت عملی، ٹرائی سروسز ہم آہنگی اور مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کی تیاریوں پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر کہا کہ افواجِ پاکستان ہر خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔