پنجاب میں جرائم کے خاتمے کے لیے بڑا قدم: وزیراعلیٰ مریم نواز کا سی سی ڈی (CCD) کو 'پریمیئر انوسٹی گیشن ایجنسی' بنانے کا اعلان

09:03 PM, 10 Mar, 2026

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے اور جرائم کے بیخ کنی کے لیے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (CCD) کے حوالے سے اہم فیصلوں کی منظوری دے دی ہے۔ حکومتِ پنجاب نے سی سی ڈی کے دائرہ کار کو وسیع کرتے ہوئے اسے ایک جدید اور بااختیار تحقیقاتی ادارے میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے سی سی ڈی کے لیے جدید ترین آلات سے لیس سینٹرل ہیڈ کوارٹر بنانے کی منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے کے تحت     پنجاب کے ہر ڈویژن، ضلع اور تحصیل کی سطح پر سی سی ڈی کے دفاتر اور خصوصی تھانے قائم کیے جائیں گے۔    اس نیٹ ورک کا مقصد نچلی سطح پر جرائم کی بیخ کنی اور تحقیقاتی نظام کو عالمی معیار کے مطابق بنانا ہے۔
اجلاس میں صوبے کو اسلحہ سے پاک کرنے کے حوالے سے بھی بڑا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے غیر قانونی اسلحہ کے سدباب کے لیے نیا اور سخت قانون بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے، جس کے تحت غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور اس کی نمائش کرنے والوں کے خلاف فوری اور کڑی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ سی سی ڈی کو ایک پریمیئر انوسٹی گیشن ایجنسی کے طور پر تیار کیا جائے گا جو جدید ٹیکنالوجی اور سائنسی طریقوں سے جرائم کی تفتیش کرے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے پولیس اور تحقیقاتی اداروں کو تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے۔

مزیدخبریں