ایکسائز دفاتر میں ٹاؤٹ مافیا کے خلاف کارروائی، سائلین کی تصدیق لازمی قرار

05:58 PM, 10 Sep, 2026

لاہور(ادریس شیخ ) ایکسائز ڈپارٹمنٹ میں ایجنٹ مافیا کے خلاف کارروائی مزید سخت کردی گئی ہے۔ ڈائریکٹر ایکسائز ریجن سی جام سراج کے احکامات پر فرید کورٹ ہاؤس سے تمام غیر متعلقہ پرائیویٹ افراد کو باہر نکال دیا گیا۔

فرید کورٹ ہاؤس میں صرف متعلقہ افراد اور سائلین کو مکمل تصدیق کے بعد داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ داخلی دروازے پر شہریوں کی رہنمائی اور تصدیق کے لیے خصوصی کاؤنٹر بھی قائم کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سائل کی گاڑی اور ملکیت سے متعلق معلومات کی مکمل تصدیق کے بعد ہی اسے دفتر میں داخل ہونے دیا جا رہا ہے، جبکہ کسی بھی ٹاؤٹ یا ایجنٹ کو داخلے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

شہریوں کی معاونت کے لیے ایک خاتون اور ایک مرد انسپکٹر کو گراؤنڈ ڈیسک پر تعینات کیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر ایکسائز ریجن سی جام سراج نے تمام انسپکٹرز، کانسٹیبلز اور دیگر عملے کو ہدایت کی ہے کہ پرائیویٹ افراد کے غیرضروری داخلے اور کرپشن کو کسی صورت برداشت نہ کیا جائے۔

مزیدخبریں