آئی جی پنجاب کا تھانہ کلچر کی تبدیلی کا مشن؛ ہر شہری کو "سر" اور "میڈم" پکارنے کا حکم

02:41 PM, 11 Feb, 2026

لاہور: انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) پنجاب، عبدالکریم نے پولیس کے روایتی رویے میں بڑی تبدیلی لاتے ہوئے صوبہ بھر کے افسران کو سخت احکامات جاری کر دیے ہیں۔ آئی جی پنجاب کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں واضح کیا گیا کہ اب تھانہ کی سطح پر عوامی خدمات اور اخلاقیات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
آئی جی پنجاب نے حکم دیا ہے کہ اب تھانے آنے والے ہر سائل کو "سر" یا "میڈم" کہہ کر مخاطب کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس افسران ہر شہری کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آئیں اور ان کے مسائل کا بروقت حل یقینی بنائیں۔
نئے نظام کے تحت تھانوں کی مانیٹرنگ کو جدید خطوط پر استوار کر دیا گیا ہے۔ایس ایچ او، فرنٹ ڈیسک اور محرر کے دفاتر کو براہ راست سی پی او آفس سے لنک کر دیا گیا ہے تاکہ وہاں کی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کی جا سکے۔آئی جی پنجاب نے 1787 کمپلینٹ سنٹر پر خود فون کالز سن کر شہریوں کے مسائل سنے اور درخواستوں پر ہونے والی پیشرفت اور وقت کا جائزہ لیا۔
اجلاس کے دوران عبدالکریم نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات پر سو فیصد عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کی خدمت میں غفلت برتنے والے افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم
    نے کہا کہ ہمارا مقصد پولیس کو عوام کا صحیح معنوں میں محافظ اور مددگار بنانا ہے۔ تھانے کا دروازہ ہر مظلوم کے لیے عزت اور انصاف کا مرکز ہونا چاہیے۔۔

مزیدخبریں