لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں صحت کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے نئے ہسپتالوں کی جلد تکمیل کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ انہوں نے لاہور میں نواز شریف کینسر ریسرچ سینٹر اور جناح کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کو اسی ماہ کھولنے کی ہدایت دی ہے۔
نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کے بیسمنٹ اور گراؤنڈ فلور مکمل ہو چکے ہیں جبکہ مریضوں کے لیے ویٹنگ ایریا، مسجد اور ڈاکٹرز کی رہائش گاہیں بھی تیار ہیں۔ اس سینٹر میں پاکستان بھر سے آنے والے کینسر کے مریضوں کا علاج کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ، انسٹی ٹیوٹ میں 219 آسامیوں کے لیے ڈاکٹرز اور پروفیشنل اسٹاف کی بھرتیاں شروع ہو گئی ہیں، اور سربراہ کی تعیناتی کے لیے آسامی دوبارہ مشتہر کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی تعمیر بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ صحت کے شعبے میں مزید بہتری لائی جا سکے۔