لاہور: شہر میں جرائم کی روک تھام اور سیکیورٹی بہتر بنانے کے لیے سیف سٹیز اتھارٹی نے اہم منصوبہ شروع کیا ہے جس کے تحت کرائم ہاٹ سپاٹس پر 500 اضافی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ حکام کے مطابق یہ کیمرے خاص طور پر ملتان روڈ، شاہدرہ اور لاہور کے بیرونی علاقوں میں لگائے جائیں گے۔
کرائم کے تجزیے کی بنیاد پر 133 ایسے حساس مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں ہر سائٹ پر 2 سے 5 کیمرے نصب کیے جائیں گے تاکہ مانیٹرنگ کو موثر بنایا جا سکے۔ کیمروں کی تنصیب کے لیے فنڈز کی منظوری اور اجرا بھی مکمل ہو چکا ہے۔
سیف سٹیز اتھارٹی کے حکام نے بتایا کہ ان علاقوں میں جرائم کی وارداتیں زیادہ رپورٹ ہوتی ہیں، اس لیے اضافی کیمروں کی مدد سے نگرانی کو مزید سخت کیا جائے گا تاکہ جرائم کوروکا جاسکے۔
رواں مالی سال کے اختتام تک کیمروں کی تنصیب مکمل کر کے انہیں فعال کر دیا جائے گا، جس سے لاہور کو ایک محفوظ شہر بنانے میں مدد ملے گی۔