لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں ترقی، خوشحالی اور خوبصورتی کے منصوبے ایک ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں، جبکہ پنجاب ڈیولپمنٹ پلان کے تحت صوبے کے 52 شہروں میں ترقیاتی کام جاری ہیں۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق مون سون سے قبل واٹر اور سیوریج منصوبوں پر کام تیز کر دیا گیا ہے، جبکہ ہدایت کی گئی ہے کہ بارشوں سے پہلے کوئی گڑھا کھلا نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے دوران سیفٹی اقدامات کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب بیوٹیفکیشن منصوبے کے تحت شہروں کو جدید سہولیات سے آراستہ اور خوبصورت بنایا جا رہا ہے، جبکہ پبلک مارکیٹس کو بھی جدید تقاضوں کے مطابق بہتر کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ترقیاتی اور بیوٹیفکیشن منصوبوں کی براہ راست نگرانی کر رہی ہیں۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب کے تمام شہروں کو لاہور کی طرز پر جدید اور خوبصورت شہر بنانا حکومت کی ترجیح ہے۔